پیسوں کی لالچ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرنیوالا پاکستانی ماہی گیر گرفتار کرلیا، وزیر اطلاعات و نشریات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایک اہم پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے ایک پاکستانی مچھیرے اعجاز ملاح کو پیسوں کا لالچ دے کر اپنے لیے جاسوسی پر آمادہ کیا۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ اعجاز ملاح کو بھارتی انٹیلی جنس نے گرفتار کیا، اسے کچھ مخصوص ٹاسک دیے گئے اور پھر واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب پاکستان کے اداروں کو اطلاع ملی کہ اعجاز ملاح آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں خریدنے کی کوشش کر رہا ہے، تو اس پر کڑی نگرانی کی گئی۔ بعد میں اعجاز ملاح کو حراست میں لے لیا گیا اور دوران تفتیش اس نے تمام حقائق خود تسلیم کر لیے۔ عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران اعجاز ملاح کا اعترافی ویڈیو بیان بھی میڈیا کو دکھایا، جس میں وہ بتاتا ہے کہ وہ مچھلی پکڑنے سمندر میں گیا تو بھارتی کوسٹ گارڈ نے اسے پکڑ لیا۔ وہاں بھارتی خفیہ اہلکاروں نے اسے پیسے کا لالچ دے کر کہا کہ پاکستان جا کر آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں، زونگ کی سم کارڈز، پاکستانی سگریٹ اور کرنسی لانا۔ ان کے مطابق، یہ سب مواد بھارت کو ”انفارمیشن آپریشن“ کے لیے درکار تھا۔ اعجاز ملاح کے بیان کے مطابق، اس نے بھارتی خفیہ افسر کی کچھ تصاویر بھیجیں اور دوبارہ سمندر میں جانے پر پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں نے اسے گرفتار کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں