بانی پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کرنے کے بے بنیاد الزامات عائد کیے، عطا تارڑ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کرنے کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے، جس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا۔ امیدہے کہ اس کیس میں انصاف ملے گا اور حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے بانی پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف ہتک عزت کیس کی تفصیلات پیش کیں اور کہا کہ یہ کیس جولائی 2017ءمیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر کیا گیا تھا۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کیس کو آٹھ سال ہو چکے ہیں اور آج اس کی سماعت کے دوران وہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف پر 10 ارب روپے کی پیشکش کرنے کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے تھے، جس کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکلاءنے اس کیس میں 120 مرتبہ تاریخیں حاصل کیں لیکن اپنے دفاع میں کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے 1988ءسے عوامی خدمت کی اور ہمیشہ عوامی بھلائی کے لیے کام کیا، جبکہ جھوٹے الزامات عائد کرنا بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا وتیرہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کیس میں انصاف ملے گا اور حقائق عوام کے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا آج کرپشن کے کیس میں اڈیالہ جیل میں ہے اور جھوٹے الزامات لگانے والا آج قانون کے کٹہرے میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں رہتے ہوئے دہشت گردوں کو سپورٹ کرنا ناقابل قبول ہے اور جھوٹ بول کر یو ٹرن لینا بانی پی ٹی آئی کی عادت بن چکی ہے۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کور کمانڈر ہاوس جانے کی ویڈیو خود جاری کی، اور عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئینی ترامیم زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کو سری لنکا بنانے کے دعوے کیے اور ہمیشہ خود کو سیاست میں سب سے بہتر ثابت کرنے کی کوشش کی، جبکہ حکومت نے پنجاب میں مقامی حکومت کے تحت بھی شراکت داری سے کام کیا۔


