رانا ثنا نے حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی
فیصل آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا ثناءاللہ نے ایک بار پھر حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا: ”ہم اب بھی اس بات کے حامی ہیں کہ سیاست دان بیٹھ کر بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں۔“ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی وہ ”غیر مشروط پیشکش“ بھی یاد دلائی جو انہوں نے اگست میں تمام سیاسی جماعتوں کو، میثاق استحکامِ پاکستان‘ کا حصہ بننے کے لیے کی تھی۔ رانا ثناءاللہ PP-116 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے جہاں ان کے داماد احمد شہریار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آج ہونے والے بیشتر ضمنی انتخابات کے باضابطہ بائیکاٹ پر بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا: ”عمران خان تو سیاست کر ہی نہیں رہے۔ انہوں نے کبھی سیاست کی ہی نہیں۔ یہ ملک اور قوم کی بدقسمتی ہے کہ انہیں (اقتدار میں) لایا گیا۔“ وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ نے عمران خان پر ”ہمیشہ ڈیڈلاک پیدا کرنے“ کا الزام لگایا، جبکہ ان کے مطابق ”جمہوریت مکالمے سے آگے بڑھتی ہے“۔ انہوں نے کہا: ”ایک شخص جیل میں بیٹھ کر ملک میں انتشار، انارکی اور فتنہ پھیلانا چاہتا ہے، اور اس کی مثالیں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی صورت میں موجود ہیں،“ یہ کہتے ہوئے انہوں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیا۔


