گورنر خیبرپختونخوا کو تبدیل کیے جانے کا امکان، سرکاری سطح پر کسی تبدیلی سے آگاہ نہیں کیا گیا، فیصل کریم کنڈی

پشاور (ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے گورنر خیبرپختونخوا کے لیے 6 نام زیر غور ہیں، زیر غور ناموں میں تین سیاسی شخصیات اور تین سابق فوجی افسران شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گورنر کے لیے امیر حیدر خان ہوتی، آفتاب شیرپاو¿، پرویز خٹک، لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان کے نام زیر غور ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) غیور محمود اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) طارق خان سابق آئی جی ایف سی رہ چکے ہیں جبکہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد ربانی سابق کور کمانڈر پشاور رہ چکے ہیں۔ دوسری جانب سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر کی ممکنہ تبدیلی سے متعلق انہیں کوئی اطلاع نہیں ملی۔ صحافیوں سے گفتگو میں گورنر نے کہا کہ اگر میڈیا ہی گورنر لگائے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ پارٹی جس بھی فیصلے پر پہنچے گی، وہ اسے قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی کارکن ہیں اور قیادت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ گورنر نے مزید کہا کہ عہدوں کے حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ میڈیا میں جاری ہے، لیکن سرکاری سطح پر انہیں کسی تبدیلی سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں