اسلام آباد اور کوہاٹ میں گھریلو اور دو گروہوں میں جھگڑے کے باعث بچے اور خاتون سمیت 9 افراد قتل
اسلام آباد، کوہاٹ (صباح نیوز) اسلام آبادمیں گھریلوجھگڑاخونی تصادم میں بدل گیاجس کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسلام آباد میں تھانہ نون کی حدود میں پیش آنے والے اس افسوس ناک واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جس کے بعدلاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیااورشناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے،گھریلو تنازع قتل کی وجہ بنا یا کوئی اور پہلوبھی ہے؟ پولیس اس حوالے سے مختلف پہلوﺅں پرتفتیش میں مصروف ہے۔ واقعہ تھانہ نون کی حدود جھنگی سیداں میں پیش آیا۔ ایک اور واقعے میں کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے مضافاتی علاقے شاہی بانڈہ میں دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کمسن بچے اور خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوہاٹ میں تحصیل لاچی کے علاقے شاہی بانڈہ میں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں افسوسناک طور پر پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کمسن بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں اور علاقے میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔


