قلعہ عبداللہ، ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق، چاغی میں فائرنگ سے دشت گوران کا رہائشی زخمی
قلعہ عبداللہ، چاغی (یو این اے )قلعہ عبداللہ میں زڑہ بند کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ لیویز اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی لاش اور زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عصمت اللہ ولد محمد کریم کے نام سے ہوئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص کی شناخت انعام اللہ ولد حاجی عبدالباری کے نام سے ہوئی ہے، جسے ٹراما سنٹر میزئی اڈہ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم، سر پر شدید چوٹیں (ہیڈ انجری) آنے کے باعث زخمی کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے فوری طور پر کوئٹہ ریفر کر دیا گیا ہے۔ لیویز حکام نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں چاغی کے علاقے گردی جنگل میں نامعلوم ڈاکوں نے سرعام فائرنگ کر کے دشت گوران کے رہائشی ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں عبدالصمد ولد محمد انور نامی شہری زخمی ہوا، جسے فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اسپتال چاغی منتقل کیا گیا۔پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے تفتیش شروع کر دی۔


