ریکوڈک مائننگ کمپنی کے وفد کا نسٹ بلوچستان کیمپس کا دورہ، تعلیمی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار
ریکوڈک مائننگ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (RDMC) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ دنوں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) بلوچستان کیمپس کا اہم دورہ کیا۔ وفد کی قیادت جنرل منیجر آر ڈی ایم سی ریان مچل اور کنٹری منیجر آر ڈی ایم سی ضرار جمالی نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ کمپنی کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وفد کو نسٹ بلوچستان کیمپس کے تعلیمی ڈھانچے، ادارہ جاتی وژن، جدید تدریسی نظام، اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے فراہم کیے جانے والے معیاری تعلیمی مواقع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے وفد کو بلوچستان کیمپس کے قیام کے مقاصد، صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، اور مقامی طلبہ کو جدید سائنسی و تکنیکی تعلیم سے آراستہ کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جس میں مستقبل میں تعلیمی اشتراک، فنی تربیت، تحقیقی منصوبوں، اسکالرشپ پروگرامز، اور ضلع چاغی خصوصاً مقامی نوجوانوں کے لیے بہتر تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر غور کیا گیا۔
ریکوڈک مائننگ کمپنی کے وفد نے نسٹ بلوچستان کیمپس کے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے تعلیمی تجربات، پیشہ ورانہ اہداف، اور مستقبل کے عزائم کے بارے میں گفتگو کی۔ وفد نے کیمپس کی جدید ترین لیبارٹریز، تحقیقی مراکز، کلاس رومز، اور دیگر سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
آر ڈی ایم سی حکام نے بلوچستان جیسے پسماندہ مگر وسائل سے مالا مال خطے میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے نسٹ کے کردار کو بے حد سراہا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ریکوڈک منصوبہ نہ صرف معدنی ترقی بلکہ سماجی و تعلیمی بہتری میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
وفد نے خاص طور پر ضلع چاغی کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی ترقی، استعداد کار میں اضافے، اور مستقبل کی پیشہ ورانہ ضروریات سے ہم آہنگ پروگرامز کے حوالے سے نسٹ بلوچستان کیمپس کے ساتھ مستقبل میں مؤثر اشتراک کی خواہش ظاہر کی۔
مبصرین کے مطابق یہ دورہ بلوچستان میں صنعت اور تعلیم کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو جدید تعلیم اور تربیت کے بہتر مواقع میسر آسکیں گے بلکہ خطے میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔


