عالمی یوم مار خور منانے کا مقصد بلوچستان میں ان کے مساکن اور ماحول کو تحفظ دینا ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ، (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ مارخور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کے قومی جانور اور دنیا کی معروف پہاڑی انواع میں شمار ہونے والے مارخور کی ماحولیاتی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آج کا دن بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد کے تحت ہر سال 24 مئی کو عالمی یومِ مارخور کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے اعلان کے بعد عالمی یومِ مار خور پہلی بار سال 2024 میں منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مارخور Capra falconeri ایک اہم ماحولیاتی نوع ہے جو وسطی اور جنوبی ایشیا کے پہاڑی علاقوں بشمول پاکستان میں پائی جاتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو اس بات پر فخر ہے کہ یہاں نایاب جنگلی حیات کے اہم مساکن موجود ہیں، صوبائی حکومت خطرے سے دوچار انواع کے تحفظ اور بقا کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارخور کی بقا کو درپیش بڑے خطرات میں قدرتی مساکن کی تباہی، غیر قانونی شکار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارخور اور اس کے قدرتی ماحول کا تحفظ نہ صرف ایک ماحولیاتی ذمہ داری ہے بلکہ یہ علاقائی سطح پر تحفظِ ماحول کے اقدامات کو مضبوط بنانے، پائیدار سیاحت کے فروغ اور مقامی آبادی کی معاشی ترقی کے لیے بھی اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جنگلی حیات کے ماہرین، تحفظ ماحول کی تنظیموں، مقامی آبادی اور اقوام متحدہ کی جانب سے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور نایاب جنگلی حیات کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مارخور کا تحفظ دراصل ہماری قدرتی میراث اور ماحولیاتی توازن کے تحفظ کے مترادف ہے۔ جنگلی حیات اور انسانیت کے محفوظ اور پائیدار مستقبل کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں