سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر زیارت اور ہرنائی میں عید کے دوران سیاحتی مقامات پر پکنک منانے پر پابندی عائد
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے اضلاع زیارت اور ہرنائی میں عیدالاضحی کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیاحتی اور پکنک مقامات پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ڈپٹی کمشنر زیارت کے مطابق حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ عیدالاضحی کے دوران اجتماعات اور ہجوم بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق زیارت کے سیاحتی مقامات زریو پوائنٹ، زریزری اور ڈومیارہ پر پکنک منانے اور غیر مقامی سیاحوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ تاہم مقامی آبادی کو اس پابندی سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر زیارت نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ادھر ضلع ہرنائی میں بھی عیدالاضحی کے موقع پر تمام پکنک پوائنٹس پر جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 26 مئی سے 30 مئی تک پابندی نافذ رہے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پری چشمہ، ڈومیارہ، اختری، وام تنگی، اسپین تنگی، ازمری شور، شاہرگ، انجیر، زندہ پیر اور دیگر تفریحی مقامات پر پکنک منانے کی اجازت نہیں ہوگی۔


