سلیکٹڈ وزیر اعظم لا پتہ ہیں،مریم اورنگزیب

اسلام آباد، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج ملک میں سلیکٹڈ وزیر اعظم لا پتہ ہیں۔پارلیمان بند کر دیاگیا ہے اور کاروبار بند ہے،میڈیا کو بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ موجودہ حکمران نالائق اور فاشسٹ ہیں،عمران خان نیازی جی سن لیں جتنا مرضی دھمکالیں، گرفتاریاں کر لیں اپنے تحریک سے نہیں ہٹیں گے۔پیر کے روز ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں جنگ گروپ میرشکیل الرحمن کی گرفتاری پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ 18 ماہ کا تسلسل نہیں بلکہ 72 سال کا تسلسل ہے کہ پہلے سیاسی مخالفین کو پھر پارلیمان اور میڈیا کودبایا گیاجبکہ میر شکیل الرحمن کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، انہوں نے کہا کہ صحافت کو 18 ماہ سے دبایا گیا ہے لیکن اب پاکستانی جانتے ہیں کہ پاکستان کو معاشی طور پر مارا جا رہا ہے، ملکی معیشت مر چکی ہے،پارلیمان بند ہے اور کاروبار بند کر دیا گیاہے۔حکمران نالائق اور فاشسٹ ہیں اور آج لوگوں کے گھر میں آٹا نہیں ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کہا جا تا ہے کہ فلاں میڈیا مسلم لیگ ن کا ہے، آج امتحان ہے سب مل کر اکٹھے ہوں گے، حکومت جتنا مرضی دھمکا لیں،گرفتاریاں کر لیں، پاکستانی عوام کو جنگ لڑنا آتی ہے جبکہ وزیر اعظم لا پتہ ہے کیونکہ وہ سلیکٹڈ ہے، وزیر اطلاعات لا پتہ ہے کیونکہ آزادی صحافت پر حملہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہے،متحد رہنا ضروری ہے۔(ص۔م ا)

اپنا تبصرہ بھیجیں