موجودہ حکومت اب زیادہ دن نہیں چل سکتی اسکے دن گنے جا چکے ہیں ، علی مدد جتک
کوئٹہ:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک اور عوام کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے موجودہ حکومت اب زیادہ دن نہیں چل سکتی اسکے دن گنے جا چکے ہیں ، وزیر اعظم اور انکے حواری صرف اپوزیشن پر تنقید اور سیاسی انتقام لینے میں مصروف ہیں جبکہ متوسط اور غریب طبقے کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا گیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جمہوریت، آئین اور پارلیمنٹ کو بے تو قیر کردیا ہے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومت اپنی ابتر کارکردگی کو چھپانے کے لئے اپوزیشن پر بلاوجہ تنقید کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہنگائی، بے روزگاری ، غربت، افلاس کو قابو کرے لیکن حکومت اور اسکے حواری صرف اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں حکومت نے دو سالوں کے دوران جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کے سوا کچھ نہیں آج ملک میں جو کچھ ہورہا ہے وہ عمران خان کی آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اب چند دن کی مہمان ہے اسکے دن گنے جا چکے ہیں جلد ہی عوام کو نااہل اورکرپٹ حکومت سے چھٹکارا ملے گا


