بیت المقدس کے بغیر فلسطینی ریاست کا کوئی وجود نہیں،امام مسجد اقصیٰ
مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)مسجد اقصی کے امام وخطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ بیروت میں ہونے والی کل جماعتی فلسطین کانفرنس سے فلسطینی قوم کو بہت زیادہ تواقعات وابستہ ہیں۔القدس کو یہودیانے کی سازشوں سے بچانے اور مقدس مقامات کیدفاع کے لیے فوری اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق الشیخ صبری نے مزید کہا کہ فلسطینی قوتوں کی جانب سے القدس میں تعلیم، صحت اور ہائوسنگ کے شعبوں میں مقامی فلسطینی آبادی کو مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ القدس کے اداروں کی مدد مقامی فلسطینی آبادی کی قابض صہیونی دشمن کے جرائم کے خلاف ثابت قدمی، زندگی کی بنیادی ضروریات کے حصول اوراسرائیلی دشمن کی طرف سے لاحق خطرات کے تدارک میں مدد مل سکتی ہے۔فلسطینی عالم دین کا کہنا تھا کہ القدس قضیہ فلسطین کا مرکزی مسئلہ ہے۔ القدس کے بغیر فلسطینی مملکت کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے القدس کے حوالے سے بیروت کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں اور اعلانات پرعمل درآمد پر زور دیا۔


