کوئٹہ شہر میں سرعام منشیات اور نشہ آور اشیاء فروخت کی جارہی ہیں،نصراللہ زیرے

کوئٹہ :بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ۔ اجلاس میں وقفہ سوالات کے بعد پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نصراللہ زیرے نے توجہ دلائو نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ اور صوبے کے دیگر شہروں میں منشیات فروشوں کی وجہ سے صوبے کے نوجوان منشیات کے عادی ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے صوبے کے لوگوں میں سخت اضطراب پایا جاتا ہے حکومت نے صوبہ میں منشیات فروشوں کے اڈوں کو ختم کرنے کے لئے اب تک کیا اقدامات اٹھائے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کوئٹہ شہر میں سرعام منشیات اور نشہ آور اشیاء فروخت کی جارہی ہیں پشین میں پرچون کی دکانوں پر منشیات دستیاب ہیں حرم زئی میں منشیات فروشی عروج پر ہے جس پر اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں پشین ، قلعہ سیف اللہ ، چمن ، لورالائی ، ہرنائی ، واشک تربت ، مکران ڈویژن نوشکی اور ژوب سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے ۔آل پارٹیز کانفرنسز ہورہی ہیں لوگ احتجاج کررہے ہیں اور منشیات فروشوں کی نشاندہی تک کررہے ہیں تاہم متعلقہ انتظامیہ اور حکام نوٹس لینے کی بجائے بھتہ لے رہے ہیں انہوںنے کہا کہ نوشکی میں سمیع اللہ مینگل منشیات فروشوں کے ہاتھوں قتل ہوا ۔نوجوانوں کو تباہی کی جانب دھکیلا جارہا ہے انہوںنے استدعا کی کہ حکومت اس ضمن میں سخت اقدامات اٹھائے ۔ بی این پی کے احمد نواز بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کا سلسلہ جاری ہے نشے کے عادی افراد کے علاج معالجے پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی نہ صرف منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے بلکہ منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے پر بھی توجہ دی جائے انہوںنے کہا کہ مشرقی بائی پاس پرقائم سینٹر کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے اور ادارے کو مزید وسیع کیا جائے ملازمین اور دیگر وسائل میں اضافہ کیا جائے انہوںنے کہا کہ بلیدہ میں منشیات کے خلاف جاری تحریک کی ہم حمایت کرتے ہیں ۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے آج سے کریک ڈائون شروع کیا جارہا ہے انہوںنے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس معزز رکن نے منشیات فروشی کے خلاف نوٹس پیش کیا ان کے دور حکومت میں بھی اس حوالے سے کوئی ایکشن نہیں لیا گیا انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے وقتا فوقتا اس حوالے سے متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کو تحریری مراسلے جاری کئے ہیں عوام کی نشاندہی پر کارروائیاں بھی کی جارہی ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں