ایف اے ٹی ایف کے دباؤ پر موجودہ حکمران قانون سازی کررہے ہیں،،مولانا حیدری
سکھر:جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دو سال گذارنے کے باوجود اپنی کارکردگی درست نہیں کر سکی ہے ، موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے موجودہ حکومت اپنی کارکردگی چھپانے کے لیئے اپوزیشن کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، خورشید شاہ پاکستان کے نامور سیاستدان ہیں،میری نظر میں خورشید شاہ بلاوجہ پابند سلاسل ہیںنیب کو جے یو آئی نے کبھی تسلیم نہیں کیا،نیب کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، نیب سیاسی آشیرواد پرسیاسی رہنماؤں کی پگڑیاں اچھال رہی ہے،ہم نے پہلے دن کہا کہ یہ حکومت سیلیکٹیڈاور بدترین دھاندلی سے قائم ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے دورہ سکھر کے موقع پر جے یو آئی صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ، قبل ازیں کانفرنس انہوںنے این آئی وی سی ڈی جا کر پی پی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ سے انکی عیادت کی اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، جبکہ روہڑی میں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کی والدہ کے انتقال پر انکی رہائش گاہ پر ان سے اوردیگر سوگواروں سے تعزیت کی درگاہ ہالیجوی شریف واقعہ پر لواحقین سے ملاقات کی ، اس موقع پر انکے ہمراہ جے یو آئی ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل وکیل جمعیت مولانا محمد صالح انڈھڑ ، مولانا غلام اللہ ہالیجوی ، حافظ ربنواز چاچڑ ، قاری لیاقت علی مغل ، ابو اسامہ عباسی ، امان اللہ سکھر وی، مولانا علی اکبر عباسی و دیگر رہنما موجود تھے ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی نے اس حکومت کے خلاف جلسے، ملین مارچ اور لاک ڈاؤن کیا، کورونا کی وباء کے باعث جے یو آئی نے حکومت کے خلاف اپنے جلسے ملتوی کیئے، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جے یو آئی کا ساتھ نہ دینے کی وجہ سے اب عمران خان مضبوط ہوگیا ہے اور اس حکومت پر اب عوام کا اعتماد بھی نہیں رہا، عمران خان نے الیکشن سے قبل عوام کو سہانے خواب دکھائے،پی ٹی آئی کا 1 کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کا وعدہ جھوٹا نکلا، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کے ایک بھی دعوے اور وعدے پر پیش رفت نہیں ہو سکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ پر مبنی حکومت زیادہ نہیں چل سکتی، ایف اے ٹی ایف کے دباؤ پر موجودہ حکمران قانون سازی کررہے ہیں،اپوزیشن کو اپنے رویئے پر نظر ثانی کرنا ہے اور اگر انہیں اپوزیشن کرنا ہے تو انہیں اس حکومت کے خلاف جدوجہد کرنا چاہیئے، مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک میں جاری بارشوں کا پانی سندھ میں داخل ہوتا ہے ،حالیہ بارشوں نے کراچی میں بڑی تباہی مچائی، حالیہ بارشوں کے باعث سندھ میں ہونے والے نقصانات کی وجہ سے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اندرون سندھ کسانوں ، ہاریوں ، زمین داروں پر زرعی ٹیکس معاف کیا جائے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نااہل وزیر اعظم گذشتہ دو سال سے کہہ رہے ہیں کہ حالات ٹھیک ہوجائیں گیکیا عوام پریشان نہیں ہوئے ، انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم تو اب خود پریشان ہیںاس حکومت کو ہٹانا اب پوری قوم کی ذمہ داری ہے اپنی ناقص کارکردگی کی بدولت یہ حکومت اکثریت کھو چکی ہے، اب حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔


