وفاقی کابینہ کا نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد ,وفاقی کابینہ نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بذریعہ ویڈیو لنک ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلامی نظریاتی کونسل کی نماز جمعہ کے اجتماعات کے بارے میں تجاویز منظور کرتے ہوئے جمعہ کے اجتماعات پر پابندی نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق لوگوں کو جمعہ کی نماز مختصر اور گھر سے وضو کرکے آنے کی تجویز دی جائے گی، نمازیوں سے صفوں میں فاصلہ بڑھانے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تجویز دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان اس معاملے پر علمائے اکرام سے مزید مشاورت بھی کریں گے، وزیراعظم نے گزشتہ روز مولانا طارق جمیل سے بھی کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کورونا کے پیش نظر مذہبی اجتماعات محدود کرنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی جبکہ اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں