انسداد دہشتگردی عدالت نے توہین رسالت اور توہین مذہب کیس میں ملزمان کو جیل دیا

اسلام آباد :انسداد دہشتگردی عدالت نے توہین رسالت اور توہین مذہب کیس میں ملزمان کو جیل بھیجتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو توہین رسالت اور توہین مذہب کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔مذکورہ مقدمے میں زیر حراست چاروں ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ملزمان کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت ملزمان کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر برہم ہوگئی اور کہاکہ ہمیں ہائیکورٹ سے احکامات ملے ہیں کہ اس کیس کا فیصلہ چھ ہفتوں کے اندر سنائیں۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ اب کوئی تاخیری حربہ قبول نہیں کیا جائے گا، جج نے کہاکہ ملزمان کے وکلاء پیش ہوں یا نہ ہوں،ہم مقدمے کا فیصلہ چھ ہفتوں کے اندر ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق سنا دیں گے۔عدالت نے ملزمان کو جیل بھیجتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں