’نیٹ فلیکس, نے متنازع بولڈ فلم کی ترکی میں ریلیز روک دی
اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے ترک حکومت کی دھمکی کے بعد وہاں متنازع بولڈ فلم ’کیوٹیز‘ کی ریلیز روک دی۔
نیٹ فلیکس کی فلم ’کیوٹیز‘ کی کہانی 11 سالہ مسلمان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو بے راہ روی اور قدرے بولڈ و آزاد زندگی کے مزے چکھنے کے بعد اپنے مذہبی خاندان سے بغاوت پر اتر آتی ہیں۔
فلم کی کہانی افریقی ملک سینیگال کے پناہ گزین خاندان اور اس گھر کی جوان ہوتی 11 سالہ بچی کے بلوغت کو پہنچنے والے رجحانات کے گرد گھومتی ہے۔
فلم میں مسلمان خاندان کو دکھایا گیا ہے، جس میں 11 سالہ بچی کے والد دوسری شادی بھی کرتے ہیں جب کہ ان کے گھر میں مسائل بھی رہتے ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 11 سالہ بچی اپنے آبائی مذہب اور انٹرنیٹ دور کے ٹرینڈز کے درمیان الجھ کر بے راہ روی کا شکار بن جاتی ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ 11 سالہ مسلمان بچی کس طرح اپنی ہم عمر دیگر فرانسیسی بچیوں کے آزاد ماحول، تنگ لباس اور ان کی جانب سے بولڈ ڈانس کرنے سے متاثر ہوکر ان کے راستے پر چل پڑتی ہے اور پھر انتہائی کم عمری میں ہی وہ اپنی ہم عمر لڑکیوں کے ساتھ فحش حرکتیں کرنے لگتی ہے۔
فلم میں دکھایا گیا کہ کس طرح 11 سالہ مسلمان بچی کی بولڈ اور فحش حرکتوں کو ان سے عمر میں بڑے لڑکے موبائل پر ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردیتے ہیں۔
فلم میں نو عمر مسلم لڑکی کو بولڈ کردار میں دکھائے جانے پر جہاں نیٹ فلیکس پر دنیا بھر میں غم و غصہ کا اظہار کیا گیا تھا، وہیں ترک حکومت نے بھی اسٹریمنگ ویب سائٹ کو فلم کی ریلیز روکنے کا حکم دیا تھا۔
ترک حکومت کے ریڈیو اینڈ ٹیلی وژن ہائی کونسل (آر ٹی یو کے) نے رواں ماہ ستمبر کے پہلے ہی ہفتے میں نیٹ فلیکس کو مذکورہ فلم ترکی میں ریلیز کرنے سے روک دیا تھا۔
اور اب نیٹ فلیکس نے مذکورہ فلم کو دنیا کے متعدد ممالک میں ریلیز کرتے ہوئے ترکی میں اس کی ریلیز روک دی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹ فلیکس کے ترجمان نے فلم کو ترکی میں ریلیز نہ کرنے کی تصدیق کی۔
نیٹ فلیکس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ نے ترک میڈیا ریگولیٹر ادارے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے وہاں ’کیوٹیز‘ کی نمائش روک دی۔
نیٹ فلیکس نے جہاں فلم کو ترکی میں ریلیز نہیں کیا، وہیں اسٹریمنگ ویب سائٹ نے ’کیوٹیز‘ کو 9 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کردیا تھا۔
پاکستان میں بھی ’کیوٹیز‘ کو ریلیز کیے جانے کے بعد معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن ختم کردی تھی اور انہوں نے مداحوں کو بھی اسٹریمنگ ویب سائٹ کی سبسکرپشن ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر بھی دنیا بھر میں نیٹ فلیکس کی سبسکرپشن کو ختم کرنے کی مہم شروع ہوگئی تھی اور نیٹ فلیکس کے خلاف آن لائن پٹیشن کا بھی آغاز کیا تھا، جس میں اسٹریمنگ ویب سائٹ سے فلم کو ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔