وزیر تعلیم سندھ کا 28ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 28 ستمبر سے کھل جائیں گے۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں کورونا کافی حد تک کم ہو گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ ٹیسٹ کی تعداد بڑھی تو کیسز بڑھے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ اسکول کھولنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، کورونا کے دوران سب سے زیادہ نقصان تعلیم کا ہوا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ محکمہ صحت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو وہ بات کریں۔
دوسری طرف اس سے قبل سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ حالات میں اسکول کھولنا درست عمل نہیں۔
کراچی میں ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ کورونا وائرس کی شرح 1.5 فیصد سے 3 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا کی دوسری لہر کی پیش گوئی ہے، پرائمری اسکولوں کو کھولنے میں جلدی نہ کی جائے۔
وزیرِ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ اسکول کھولنے پر تحفظات ہیں، پرائمری اسکولوں کو کم سے کم ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت دینا ضروری ہے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا یہ بھی کہنا ہے کہ صورتِ حال واضح ہونے پر ہی بچوں کو اسکول بھیجنا درست ہو گا۔