حکمران نمائشی پتلے، اختیارات کی ڈور کسی اور کے پاس ہے،مولانا شیرانی
کوئٹہ:جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانامحمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ حکمران نمائشی پتلے ہیں اختیارات کی ڈور کسی اور کے پاس ہے انکی حیثیت نہ منشی کی ہے نہ حاکم کی الیکشن دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کا ڈرامہ ہے پہلے سے سلیکٹ شدہ چہروں کو ملک و قوم پر مسلط کرکے الیکشن کا نام دیا جاتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز بلو چستان بوائے اسکاوٹ ہیڈ کوارٹرز کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علمااسلام کے صوبائی رہنما مولانا محمد عالم لانگو، حاجی عبدالصادق نورزئی، نظام الدین مینگل،ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر عبدالحئی کھوسہ، عبدالرحمان شیرانی و دیگررہنما بھی موجودتھے۔ جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانامحمد خان شیرانی نے کہا کہ بند کمروں میں اقتدار کی بندر بانٹ کی وجہ سے موجودہ جمہوری سسٹم سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے جھوٹ لالچ اور تجارت نے سیاست کو بد نام کیا،انہوں نے کہا کہ مغربی غلامی میں مستغرق غلام ذہنیت کے لوگ ملک پر مسلط کیے گئے ہیں شعائراللہ اور شعائراسلام کا مذاق اڑا کر مغربی باداروں سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے والے اللہ کی قہر و غضب سے ڈریں اسلام کے نام پر بنے مملکت میں اسلام کے حقیقی چہرے کو مسخ کرنا ملک اور اسلام دشمنی ہے۔ حکمران نمائشی پتلے ہیں اختیارات کی ڈور کسی اور کے پاس ہے انکی حیثیت نہ منشی کی ہے نہ حاکم کی،الیکشن دنیا کی نظروں میں دھول جھونکنے کا ڈرامہ ہے پہلے سے سلیکٹ شدہ چہروں کو ملک و قوم پر مسلط کرکے الیکشن کا نام دیا جاتا ہے۔