وکلاء ساتھ دیں حکومت گرادینگے ,بھٹو زرداری
کراچی (انتخاب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیر جمہوری قوتیں ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہیں، اگر میں عوام کے مسائل پارلیمنٹ میں نہیں اٹھا سکتا تو ہم مجبور ہو کر عوام کے مسائل سڑکوں پر اٹھائیں گے۔ یہ بات انہوں نے سٹی کورٹ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس سے قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سٹی کورٹ میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے جناح آڈیٹوریم پہنچے جہاں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو لائرز کلب کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین و قانون اور جمہوریت کی سربلندی کی تحاریک چلائیں اور وکلاء نے ہمیشہ ہر محاذ پر ہمارا ساتھ دیا۔ ہمیں اپنے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ہوگا اور 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی یاد میں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تاریخی جلسہ کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کا جلد خاتمہ ہوگا اور ہم مل کر عوامی حکومت بنائیں گے۔


