محکمہ صحت بلوچستان میں کورونا وائرس فنڈز میں 7کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف

کوئٹہ:محکمہ صحت بلوچستان میں کورونا وائرس فنڈز میں 7کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا انکشاف محکمہ اینٹی کرپشن اور ایس اینڈ جی اے ڈی نے سابق ڈائریکٹرجنرل صحت بلوچستان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کے لئے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مراسلہ ارسال کردیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن بلوچستان نے انکوائر ی نمبر 10/Q/20میں سابق ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر محمد سلیم ابڑ و اور دیگر کے خلاف کورونا وائرس کے فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے شواہد کی بنا ء پر انکے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کی اجازت مانگ طلب کرلی ہے، اس حوالے سے محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے چیف سیکرٹری بلوچستان کے نام لکھے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ ڈاکٹر سلیم ابڑو نے حسین انٹر پرائزز سے 1لاکھ پی پی ای کٹس بغیر قانونی تقاضے پورے کئے خریدیں جبکہ انہوں نے دیگر مد میں مختص رقم سے 7کروڑ 29لاکھ 45ہزار 542روپے کی ادویات بھی خلاف قانون خریدیں جس کے شواہد موجود ہیں مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے ڈاکٹر سلیم ابڑو کو بلوچستان انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن ایکٹ 2011کے قوانین کے تحت ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرنے کی اجازت طلب کی ہے جسکی اجازت چیف سیکرٹری دینے کے مجاذ ہیں لہذا محکمہ چیف سیکرٹری کو ڈاکٹر سلیم ابڑو کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرنے کی سفارش کرتاہے ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بھی سابق ڈائریکٹر جنرل صحت کے خلاف ناقابل تردید شواہد کی بناء پر انکوائری اور مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں