اب نیازی الیون کو فالو آن سے کوئی نہیں بچاسکتا،حا فظ حسین احمد

کوئٹہ :جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک شروع ہونے سے پہلے ہی ”نکے“ اور ”ابے“ کی پریشانی دیدنی ہے، اب نیازی الیون کو فالو آن سے کوئی نہیں بچاسکتا، پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کا دنگل معرکہ کے لیے سجنے والا ہے پی ڈی ایم میں شامل گیارہ جماعتیں کٹھ پتلی حکمرانوں کو نو دو گیارہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہیں، گوجرانوالہ سے شروع ہونے والی احتجاجی سیریز میں عمرانی حکومت پر نفسیاتی برتری حاصل ہوچکی ہے۔ بدھ کے روز اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے گوجرانوالہ سے شروع کی جانے والی تحریک ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک جاری رہے گی، اپوزیشن کی تمام جماعتیں استعفوں پر متفق ہیں اپوزیشن کی برسر اقتدار رہنے والی پارٹیوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ لیا ہوگااب گیارہ جماعتیں ایک نکاتی ایجنڈا پر متحدو متفق ہیں، جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک آئین و قانون کے مطابق ہوگی، ہم تحریک انصاف کی طرح بجلی کے بل جلائیں گے اور نہ پی ٹی وی پر حملہ آور ہونگے، پارلیمنٹ پر کپڑے لٹکائیں گے اور نہ ہی سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کریں گے بلکہ ہم آئین و قانون کے تحت اپنی تحریک چلائیں گے جس میں احتجاجی جلسوں، ریلیوں سمیت وقت آنے پر اسمبلیوں سے استعفوں کا آپشن بھی استعمال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں