دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جانے لگا
دبئی :سفری ہدایات سے لاعلم دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جانے لگا۔دبئی میں پاکستانی قونصل خانے نئی سفری ہدایات پر قومی ائیرلائن، حکومت کو بروقت آگاہ کرنے میں ناکام رہا، نئی ٹریول ہدایات سے لا علم سیکڑوں پاکستانیوں نے دبئی کی پرواز لی۔خیال رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں 545 پاکستانیوں کو دبئی ایئرپورٹ پر روکا گیا، سفری ہدایات سے لاعلم ہونے کے باعث سیکڑوں پاکستانی دبئی ایئرپورٹ پر پھنس گئے۔ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی مسافروں کو دس پندرہ کا گروپ بنا کر واپس بھیجا جا رہا ہے، دبئی میں پاکستانی سفارتی حکام کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔مسافروں نے کہا کہ سفارتی مدد کے ہی منتظر رہے، پیسے جوڑ جوڑ کر دبئی آئے تو یہاں سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی ٹریول ہدایات کے مطابق ویزے کے ساتھ دو ہزار درہم اور ہوٹل بکنگ کرا کر آئیں۔سفارتی حکام کے مطابق واپسی کی فلائٹس میں پہلے سے بکنگ ہوچکی ہوتی ہیں اس لیے سب کو ایک ساتھ وطن واپس نہیں بھیجا جاسکتا، 8-10 افراد ہی ایک فلائٹ میں واپس جاسکتے ہیں۔مدد کے منتظر مسافروں کا کہنا ہے کہ پشاور سے آنے والی پرواز میں لگ بھگ پندرہ افراد ابھی واپس جاچکے ہیں۔


