کرونا وائر حکومتی اقدامات بد انتظامی کا شکار ہیں، ورکرز کنفیڈریشن

کوئٹہ، آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے رہنماؤں محمد رمضان اچکزئی، محمد یوسف کاکڑ،عبدالباقی لہڑی،عبدالولی کاکڑ،محمد یار علیزئی اور سید آغا محمد نے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے کورونا وائرس کو عالمی وباء قراردیتے ہوئے کہا کہ ملک، صوبے اور شہروں کی سطح پر انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات پر مزدور طبقے کو عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ مزدور طبقہ روزی روٹی کیلئے اپنے گھروں سے نکل کر محنت مزدوری کرتا ہے اورحکومتی سطح پر کیے جانے والے اقدامات ناکافی اور خطرناک حد تک بدانتظامی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کا مقابلہ اپنے قومی عزم اور محنت و ایمانداری سے کرکے دنیا کو بتایا ہے کہ وہ 10دنوں میں ہزاروں مریضوں کیلئے ہسپتال بنا سکتے ہیں، مزدوروں کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں، ڈاکٹروں کو کوروناوائرس سے بچاؤں کا حفاظتی لباس دے سکتے ہیں اور پوے ملک میں ماسک،دستانے اور سینیٹائزروغیرہ کی فراہمی سمیت اپنے شہریوں کو لاک ڈاؤن ہونے کے باوجود فاقہ کشی سے بھی بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کورونا وائرس ایران کی طرف سے تفتان کے راستے داخل ہوا اور جو انتظامات آج تک تفتان میں کیے گئے ہیں وہ غیر معیاری ہیں اور ان غیر معیاری انتظامات کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیل گیا ہے دوسری طرف حکمران طبقے نے عام شہریوں کیلئے سیکریٹریٹ، عدالتوں، اپنے محلوں اور جگہوں پر پہرے لگا دیے ہیں اور کئی ماہ کی خوراک اور دوائیوں کو اپنے اپنے گھروں میں ذخیرہ کرلیا ہے جبکہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر اپنے طور پر حفاظتی اقدامات کرنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔کنفیڈریشن کے رہنماؤں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ حفاظتی سامان اور غریبوں تک خوراک کی فراہمی کو ہر حال میں یقینی بنائیں تاکہ معاشرے کو محفوظ بنایا جاسکے اور اگر محلوں میں رہنے والے سمجھتے ہیں کہ وہ غریبوں کو بے یارو مددگار چھوڑ کر خود محفوظ رہیں گے تو اللہ نہ کرے کے بعد ازاں فاقہ کشی کی وجہ سے حالات خراب ہوجائیں جو کسی کے کنٹرول میں نہ ہوں۔کنفیڈریشن کے رہنماؤں نے اپوزیشن پارٹیوں کی حکومت کے ساتھ تعاون کی پیشکش کو سراہا ہے اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لیڈر اور بڑے پن کا مظاہرہ کرکے پورے ملک کی رہنمائی اتحاد و اتفاق سے کریں اس وبائی امراض کے بعد سیاست کیلئے میدان کھلا رہے گا لیکن اس وقت پورے ملک کے عوام اور تمام طبقات کو وبائی امراض سے محفوظ بنانے اور ملکی معیشیت کو تباہی سے بچانے کیلئے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر ذاتی مفادسے نکل کر اجتماعی مفادات کے فیصلے کرنے چاہییں۔کنفیڈریشن کے رہنماؤں نے صوبے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظراپنے محلّے، گھروں اور کالونیوں میں صفائی کی مہم کو بھی جاری رکھیں تاکہ گندگی اور کوڑے کرکٹ سے انسانی جانوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ نہ رہے۔انہوں نے ایک بار پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بنیادی ضرورت کے ماسک، دستانے اور سینیٹائزر کی سستے داموں اورآسان فراہمی کا بندوبست کرے اور حکومت غریب طبقات کی خوراک کیلئے بھی اقدامات اٹھائے اور پورے صوبے کی سرکاری مشینری کے افسروں اور اہلکاروں سے حلف لیا جائے کہ وہ ایمانداری اورمحنت سے کام کرتے ہوئے شہریوں کیلئے مشکلات کھڑی نہیں کریں گے اور نہ ہی اس موقع پر شہریوں کو لوٹنے یا ان سے بھتے لینے جیسی گھناؤنی حرکتوں میں حصہ لیں گے اور یہی اتحاد، ایمانداری اور محنت ہم سب کے تحفظ اور بقاء کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں