موجودہ مسائل سے نجات کا واحد حل غیر جانبدار شفاف انتخاب میں ہے،اصغر خان اچکزئی
کوئٹہ(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر وپارلیمانی لیڈراصغرخان اچکزئی نے کہاہے کہ موجودہ مسائل اور مصیبتوں سے نجات کا واحد حل غیر جانبدار شفاف انتخاب میں ہے،پارلیمنٹ کی بالادستی،آئین کی حکمرانی،ووٹ کو عزت،جمہوری نظام اور عدلیہ کی آزادی پی ڈی ایم کی جمہوری تحریک کی ترجیح ہے،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک بحالی جمہوریت پاکستان کی دنیا میں بہتر امیج بنائے گا،گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے زیراہتمام کامیاب جلسہ عام پر تمام جمہوریت پسند عوام اور سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ڈی ایم کی گوجرانوالہ میں کامیاب جلسے پرردعمل دیتے ہوئے کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہاکہ پاکستان جمہوری تحریک ملک میں جمہوریت کی بحالی،عدلیہ کی آزادی،آئین کی بالادستی کیلئے جدوجہد کررہی ہے،عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین خان عبدالغفار خان (باچاخان) اور خان عبدالولی خان نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے جدوجہد کی آج اسفندیار ولی خان کی قیادت میں اے این پی سرخ جھنڈے تلے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں کے شانہ بشانہ پی ڈی ایم کا حصہ بن کر جدوجہد کررہی ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تحریک جمہوری نظام،آزاد عدلیہ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا،تحریک کے چلتے دنیابھر میں پاکستان کی بہترامیج بنے گا، ملک میں سلیکٹڈ احتساب کا عمل جاری ہے، نیب کو استعمال کیا جارہا ہے،انہوں نے کہاکہ، اب ایک نیا میثاق بننا چاہیے جس میں حکومت، ریاست، صوبوں، وفاق، اداروں اور عوام کے مسائل کو شامل کرنا ہوگا۔ اے این پی پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑی ہے اور آخری دم تک کھڑی رہے گی،پی ڈی ایم کے زیراہتمام گوجرانوالہ میں منعقدہ جلسہ عام کی کامیابی پر تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں اور 22کروڑ عوام کومبارکباد پیش کرتے ہیں۔


