نصیرآباد، غیرت کے نام پر دوشیزہ سمیت 2افراد قتل
ڈیرہ مراد جمالی : نصیر آباد کے علاقے مگسی شاخ میں غیرت کے نام پر خاتون سمیت 2افراد کو قتل کردیا گیا ہے،نعشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ خان کوٹ کی حدود تحصیل تمبو کے علاقہ مگسی شاخ کے ایک نواحی گاؤں میں عظمت خان نامی نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی 18 سالہ بہن خ اور اس کے مبینہ آشنا 22 سالہ نوجوان عبدالصمد کو سیاہ کاری کے الزام میں آتشیں اسلحہ سے فائر کر کے دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا خان کوٹ پولیس تھانہ کے عملے نے مقتولین کی لاشیں ڈویژنل ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی کے شعبہ حادثات میں پہنچا کر ضروری کارروائی کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کر کے دہرے قتل کے ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کر دی ہیں مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔


