آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ملکی ادروں کیخلاف بات کی جارہی ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی

کوئٹہ :نوابزادہ میر سراج رئیسانی شہید کے صاحبزادے نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کے خلاف بات کرنے والے ملک دشمن عناصر ہے، یہ سب کچھ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لئے کیا جارہاہے،نوابزادہ میر سراج رئیسانی اور نوابزادہ میر حقمل رئیسانی نے دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کئے، بلوچستان کی عوام نے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنایا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی سیاست چمکانے اور عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے کے لئے منفی پروپیگنڈہ کررہی ہیں، صوبے کی عوام نے پہلے ہی ان عناصر کو مسترد کردیا تھا اور 2018کے عام انتخابات میں عوام نے حقیقی اور محب وطن قوتوں کو ووٹ کے ذریعے منتخب کیا۔ آج پی ڈی ایم کے نام پر سیاسی جماعتیں جو ماضی میں ایک دوسرے خلاف تھی اپنے مفادات کے لئے اکھٹے ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ کو لڑانے والے آج پشتون بلوچ کی یکجہتی کی بات کررہے ہیں ہم شروع دن سے پشتون بلوچ سمیت تمام اقوام کی یکجہتی کے علمبردار تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں