جنرل قادرونواب زہری کا جھگڑا کرسی نہ ملنے پر تھا، جانے سے نقصان نہیں ہو گا، احسن اقبال
لاہور/کوئٹہ:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک کسی اسٹیج پر موجود نواب یا سردار کی کرسی سے بڑی ہے،مسلم لیگ(ن) پاکستان میں آئین کی بالادستی،حقیقی سیاسی جماعتوں کااتحاد اور جمہوری قوتوں کو ساتھ لیکرچل رہاہے،دوافراد کے جانے سے مسلم لیگ(ن) کی بلوچستان میں تنظیمی ڈھانچہ کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی تنظیم مکمل اپنی جگہ پر کھڑی ہے،دو اشخاص کے پارٹی سے نکلنے سے تنظیم کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچے گا کیونکہ بلوچستان میں نواب ثناء اللہ زہری دو سال سے غیر فعال ہوچکے تھے وہ بلوچستان میں اپنی حکومت کا دفاع نہیں کرسکے تھے ان کے ہاتھوں ان کی صوبائی حکومت ٹوٹ گئی تھی جس کے اوپر پارٹی نے ان کی سرزنش کی تھی کہ وہ کامیاب بلوچستان حکومت کیوں نہیں چلا سکا اور کیوں ایم پی ایز نے ان کا ساتھ چھوڑا،دو سالوں میں نواب ثناء اللہ زہری نے پارٹی کے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی لہٰذا اگر انہوں نے پارٹی چھوڑی ہے تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے جنرل عبدالقادر بلوچ اور نواب ثناء اللہ زہری نے یہ بات سب کے سامنے رکھی ہے کہ ان کااصل جھگڑا اور اصل حقیقت دونوں نواب ثناء اللہ زہری کے کوئٹہ کے جلسے میں اسٹیج پر کرسی نہ ملنے پر تھی مسلم لیگ(ن) جو تحریک چلا رہی ہے وہ کسی نواب یا سردار کے اسٹیج پر کرسی سے بڑی ہے پی ڈی ایم کی تحریک کامقصد پاکستان میں آئین کی بالادستی،حقیقی سیاسی جماعتوں کااتحاد اورتمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے اگر کوئی اپنی راہیں جدا کرتاہے تو یہ اس کااپنا فیصلہ ہے اس کی تنگ نظری،ضد اور آناہے مسلم لیگ(ن) کو اس طرح کے رویہ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔


