ڈیرہ اسماعیل خان، کینال حادثے میں ڈوبنے والے 22 افراد کی لاشیں برآمد

ڈیرہ اسمٰعیل خان:خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمعیل خان میں سی آر بی سی کینال حادثے میں ڈوبنے والے 22 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔واضح رہے کہ 9 نومبر کو شاہ اجمل گاؤں سے چنگچی لوڈر پر خواتین اور بچے قریبی گاؤں سڑا گرہ میں منعقد شادی میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ معلومات کے مطابق سی آر بی سی کینال پر حادثے میں ڈوبنے والوں میں 8 خواتین اور 14بچے شامل ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق تین دن سے جاری ریسکیو آپریشن آج مکمل ہوگیا جس میں تمام لاشیں نکال لی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ پہلے دن 4، دوسرے روز 15 جبکہ 3 لاشیں آج برآمد کرلی گئیں۔حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ہی 6 افراد کو زندہ بچالیا گیا تھا جبکہ چنگچی لوڈر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق چنگچی لوڈر میں کم و بیش 29 افراد افراد سوار تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ چنگچی لوڈر جب سی آر بی سی کینال کے قریب پہنچا تو بے قابو ہو کر کینال میں جا گرا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ کے وقت ڈرائیور نے اپنے سمیت 3 سواریوں کی جان بچائی مگر بعد میں عوامی غم و غصہ کے خوف سے فرار ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ امدادی کاموں میں پاک فوج اور ڈی جی خان کی ریسکیو 1122 سروس کی مدد سے 15 مزید لاشیں نکل لی گئیں۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز مل جانے والی لاشوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں