موبائل سروسز کے غیر فروخت شدہ سپیکٹرم کے اجراء کے امور پر مشاورت

اسلام آباد:مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام کو اسپیکٹرم کی فروخت سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کرنے کیلئے ایک افسر کی نامزدگی کی جاسکتی ہے۔مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موبائل سروسز کے غیر فروخت شدہ اسپیکٹرم کے اجراء کے امور پر مشاورت کی گئی،مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی شرکت کی۔چیئرمین پی ٹی اے اورسیکرٹری آئی ٹی ٹی کی نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے دستیاب سپیکٹرم کی فروخت پر تازہ ترین پیشرفت بارے بریفنگ دی گئی،فریکوئینسی ایلوکیشن بورڈ کے ممبران نے بھی اس موضوع پر اپنی رائے سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔بتایاگیاکہ دستیاب اسپیکٹرم کی فروخت کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا عمل 60 دن میں مکمل ہوجائے گا، کنسلٹنٹ کی تقرری بارے رپورٹ تیار کرکے کمیٹی کو پیش کی جائے گی، توقع ہے کہ ابتدائی رپورٹ دسمبر 2020 تک تیار ہوجائے گی، کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے بعد سپیکٹرم کی فروخت کا عمل شروع ہوگا، رواں مالی سال کے اندر سپیکٹرم کی فروخت کا مکمل ہوجائے گا۔مشیر خزانہ نے کنسلٹنٹ کی خدمات کا کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ نیلامی کا پورا عمل شفاف ہونا ضروری ہے، عوام کو اسپیکٹرم کی فروخت سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کرنے کیلئے ایک افسر کی نامزدگی کی جاسکتی ہے۔مشیر خزانہ نے کہاکہ اس عمل سے ملک بھر میں مواصلات اور آئی ٹی خدمات کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے میں مدد ملے گی، مشیر خزانہ نے کہاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار کرنے میں آسانی ہوگی، مشاورتی کمیٹی کا آئندہ اجلاس دسمبر 2020 میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں