لاک ڈاؤن کے دوران میڈیا ورکرز کو استثنیٰ اور اخبارات کی ترسیل یقینی بنائی جائے‘ سی پی این ای
کراچی,کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ سول لا ک ڈاؤن کے دوران اخبارات کی ترسیل یقینی بنانے اور صحافیو ں، میڈیا کارکنوں سمیت میڈیا ہاؤسز کے دیگر عملے کو سفری پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے کیونکہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اور بروقت معلومات کے لئے ذرائع ابلاغ کی انتہائی اہمیت ہے۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے کہ سندھ بھرمیں تمام اخبارات کے اسٹالز کھلے رکھے جائیں اور سول لاک ڈاؤن کے دوران صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو سفری پابندیوں سے استثنیٰ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاط ہی واحد علاج ہے جس کے لئے بھرپور عوامی آگاہی کی ضرورت ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ملک کے تمام اخبارات اور میڈیا ہاؤسرز نے کورونا وائرس جیسی عالمی وبا ء سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیرکے لئے عوامی آگاہی مہم میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ساتھ کھڑے ہونگے۔