وندرڈیم منصوبے کی تعمیرکا کام جلد شروع ہونے کا امکان
کوئٹہ:وندرڈیم منصوبے کی تعمیرکا کام جلد شروع ہونے کا امکان،ڈیم کی تعمیر پر 13ارب روپے لاگت آئے گی جس میں 54ہزارایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش جبکہ 10ہزارایکڑ زمین آباد ہوگی۔یہ بات پروجیکٹ ڈائریکٹروندرڈیم ناصر مجید نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ وندر ڈیم منصوبہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے 2009ء سے تاخیر کا شکار تھا تاہم وفاقی اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے منصوبے کی رواں سال 16مارچ کو ایکنک نے منظوری دی جسکے بعد منصوبے کا ٹینڈر کیا گیاہے۔انہوں نے بتایا ڈیم کی تعمیر پر 15ارب روپے تک لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ 4سال میں مکمل ہوگا منصوبے کی تکمیل سے 54ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہوگی اور 10ہزارایکڑ زمین آباد ہوگی ڈیم سے کینال کے ذریعے زمینوں کو پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تعمیر میں حکومت کے کفایت شعاری کے اقدامات کو مد نظررکھتے ہوئے 1ارب 10کروڑ روپے بچت کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ناصر مجید نے بتایا کہ ٹینڈر میں 9کمپنیوں نے حصہ لیا تھا۔


