ایران :اسرائیل سے سینیئر ایٹمی سائنسدان کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان،

ایرانی صدر حسن روحانی نے سینیئر ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئےکہا ہےکہ ایران جلد بازی کے بجائے اس قتل کا بدلہ صحیح وقت پر لےگا۔

قوم سے اپنے خطاب میں صدر حسن روحانی نے محسن فخری زادہ کے قتل میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئےکہاکہ فخری زادہ کا قتل ہمارے دشمنوں کی مایوسی اور ان کی نفرت کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے، ان کی شہادت ہماری کامیابیوں کو سست نہیں کرے گی۔

حسن روحانی نے کھا کہ ایران کے دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیےکہ ایران کےلوگ اور اہلکار مجرمانہ اقدام کا جواب دینا جانتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی واقعے کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دینے کی تاکید کرتے ہوئے محسن فخری زادہ کے کام کو آگے بڑھانے پر زوردیا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے محسن فخری زادہ کے قتل پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے 3 امریکی اہلکاروں کے حوالے سےکہا ہے کہ اس حملے میں اسرائیل کا ہاتھ تھا۔واضع رہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرا م کے بانی سائنسدان محسن فخری زادہ کو گذشتہ روز تہران میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران کے علاقے دماوند میں مسلح افراد نے ایرانی سائنسدان کی گاڑی پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے قریب دھماکا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سائنس دان محسن فخری شدید زخمی ہوگئے، اُنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی گارڈز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جبکہ دھماکے اور فائرنگ کے دیگر زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ایرانی وزارت دفاع کے مطابق حملے میں 3 سے 4 دہشت گرد بھی جوابی فائرنگ میں مارے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں