وزیر اعظم عمران خان چھٹی پرچلے جائیں، مولا بخش چانڈیو
اسلام آباد:مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ چھٹی پر چلے جائیں۔ ایک بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ کورونا جیسی جان لیوا وبا سے نمٹنے کے معاملے پر بھی وزیراعظم صاحب کا رویہ غیر سنجیدہ ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ میں بطور سیاسی کارکن وزیراعظم کو نااہل کرنے یا غیر قانونی طریقے سے ہٹانے کے حق میں نہیں ہوں، خان صاحب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ چھٹی پر جائیں تاکہ ادارے آزادانہ اپنا کام کر سکیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا، وزیراعظم نے مخالفت کی۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب آپ نے لاک ڈاؤن سے انکار کیا اگلے دن چاروں صوبوں اور سلامتی کے اداروں نے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب پورا ملک آپ کے تدبر اور فیصلوں کا منہ چڑا رہا ہے، وزیراعظم صاحب آپ کو غریبوں کا احساس ہوگا، آپ بہت اچھے ہیں مگر آپ فیصلے نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے آپ کچھ دن چھٹی پر چلے جائیں، قوم سے بھی اپیل ہے کہ دنیا نے جو احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں وہ اختیار کی جائیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ ہم سے کہیں زیادہ ترقی یافتہ ممالک بھی احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے بڑے بحران سے دوچار ہیں، گھروں میں رہ کر ہی ہم اس وبا کا مقابلہ کر سکتے ہیں، ہمارا اللہ پر ایمان ہے اور وہی خدا ہمیں احتیاط کا حکم دیتا ہے۔مولابخش چانڈیو نے کہاکہ موت برحق ہے مگر احتیاط نہ کر کے وبا کو دعوت دینا خودکشی ہے جو حرام ہے، عوام گھروں میں رہیں تاکہ ہم جلد از جلد اس وبا سے نکل پائیں۔ مولابخش چانڈیو نے کہاکہ اس بحران کے دوران مخیر حضرات بھی غریبوں اور مستحقین کا خیال رکھیں۔