ایف سی آئے روز ڈیورنڈ لائن پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہی ہے،پشتونخوامیپ

کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں ڈیورنڈ لائن چمن پر ایف سی کی جانب سے ایک بار پھر پر امن نہتے اور معصوم شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ او ردرجنوں کے شدید زخمی ہونے کی پشتون دشمن واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایف سی آئے روز چمن اور بالخصوص ڈیورنڈ لائن پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہی ہے اور گزشتہ مہینوں سے چمن کے ڈیورنڈ لائن کی مسلسل بندش اور اس کو دوبارہ 2مارچ کی پوزیشن پر بحالی کیلئے عوام احتجاج کررہے تھے اور پھر 30جولائی کو عین عیدالضحیٰ سے ایک دن قبل معصوم اور بے گناہ لوگوں پرایف سی کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے ایک خاتون سمیت 6افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اور آج ایک بار پھر بغیر کسی وجہ سے معصوم اور نہتے عوام پر فائرنگ کی گئی جس کی وجہ سے اب تک درجنوں لو گ شدید زخمی اور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ اس صورتحال نے عوام اور سیاسی جمہوری پارٹیوں کو سخت احتجاج پر مجبور کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیورنڈ لائن پر سرحدی تجارت اور آمدورفت پر مختلف حیلے وبہانوں سے بندش پشتون عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے اور یہ سب کچھ ایک خاص منصوبے کے تحت ہورہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ باڈر کی بندش کیلئے گزشتہ 20سالوں سے سازشیں کی جارہی ہے پشتون قوم کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی گئی اور کبھی دہشتگردی کی روک تھام کا بہانہ کرکے سرحدی تجارت وآمدورفت پر پابندیاں عائد کی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ایف سی کے اس عوام دشمن پشتون دشمن اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت اور اداروں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام صوبے خصوصاً پشتون علاقوں سے ایف سی کے لوٹ مار اور بے عزتی کی چیک پوسٹیں ختم کیئے جائیں اور ان عوام دشمن اقدامات کا نوٹس لیا جائے اور ملوث آفیسران واہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اسے نظر انداز کیا گیا اور آج پھر چمن کو میدان جنگ میں تبدیل کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ سلیکٹڈ وفاقی وصوبائی حکومتیں اور اس میں شامل پارٹیاں اس خونزیزی کی ذمہ دار ہے اور وہ اس سے خود کو بری الذمہ نہیں قرار دے سکتی۔بیان میں کہا گیا کہ تجارتی راستے کو فی الفور کھلا جائے اور عوام کے آنے جانے پر پابندی کو ختم کیا جائے اورحالیہ اور ماضی میں ہونیوالے تمام واقعات کا اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرکے ملوث آفیسران واہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ پارٹی بیان میں زخمی ہونیوالوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اس غم کی گھڑی میں ان کے برابر کی شریک ہیں جبکہ زخمیوں کی جلد صحیتیابی کیلئے دعا کی گئی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں