شوہرکاقتل ثابت ہونے پر خاتون کو عمر قید،لاکھوں روپے جرمانہ

کوئٹہ : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب ڈویژن کوئٹہ جناب طارق انور کاسی نے قتل کے مقدمہ میں نامزد خاتون سمیت 2ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزاسنادی، خاتون کو شواہد مٹانے اور مرد کو اسلحہ برآمدگی کے مقدمات میں بھی سزائیں سنادی گئیں، سرکار کی جانب سے مقدمہ کی پیروی ڈپٹی پراسکیوٹر خالد پانیزئی نے کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمہ بی بی آمنہ اور ملزم جانان خان عرف (گران) نے مل کر گزشتہ سال کوئٹہ کے پولیس تھانہ سٹیلائٹ ٹاؤن کے حدود میں اختر محمد نامی شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا،پولیس کی جانب سے مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد مذکورہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا جسے گزشتہ روز سنادیا گیا۔ عدالت نے زیر دفعہ 302ت پ کے تحت جرم ثابت ہونے پر خاتون بی بی آمنہ اور جانان خان عرف (گران) کو عمر قید بامشقت اور مبلغ ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی، دونوں ملزمان معاوضے کی رقم مقتول اختر محمد کے ورثاء کو ادا کریں گے۔ عدالت نے شوہر کے قتل کے جائے وقوعہ سے شواہد مٹانے کا جرم ثابت ہونے پر ملزمہ بی بی آمنہ کومزید 5سال قید اور 20ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزمہ کو مزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی اس کے علاوہ عدالت نے آلہ قتل پستول برآمد ہونے پر ملزم جانان خان عرف (گران) کو 3سال قید اور 10ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ مسماۃ بی بی آمنہ پر جانان خان عرف (گران) کے ساتھ مل کر اپنے شوہر اختر محمد کو قتل کرنے کا الزام تھا۔دریں اثناء سٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب ڈویژن کوئٹہ جناب طارق انور کاسی نے منشیات برآمدگی کا جرم ثابت ہونے پر ایک ملزم کو 5سال قید اور 10ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، سرکارکی جانب سے مقدمہ کی پیروی ڈپٹی پراسکیوٹر خالد پانیزئی نے کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم محمد یونس کو تھانہ نیو سریاب پولیس کے اہلکاروں نے 24جولائی 2020کو 3کلو گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کرکے چالان عدالت ہذا میں پیش کیا تھاجبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سریاب ڈویژن کوئٹہ جناب طارق انور کاسی نے پولیس اہلکار کو زخمی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 2ملزمان کو پانچ پانچ سال قید بامشقت اور ہزاروں روپے جرمانے کی سزا سنادی، سرکار کی جانب سے مقدمہ کی پیروی ڈپٹی پراسکیوٹر خالد پانیزئی نے کی۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان روز عرف کرزئی اور دولت خان عرف منان نے رواں سال کے دوران تھانہ سریاب کے حدود میں پولیس اہلکار سید مصطفی کو زخمی کیا تھا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس اہلکار کو زخمی کرنے کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے دونوں ملزمان روز عرف کرزئی اور دولت خان عرف منان کو پانچ پانچ سال قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزاسنادی، عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں ملزمان کو تین تین ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے ملزم دولت خان کو زیر دفعہ A(i)/337کے تحت جرم ثابت ہونے پر مزید ایک سال قید اور 50ہزار روپے بطور دامان زخمی کو ادا کرنا کا حکم سنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں