عوام گھروں میں رہیں، باہر نکل کر زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں، سردار یار محمد رند

کوئٹہ:صوبائی وزیر ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کے تدارک کیلئے صوبے کے تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تاکہ عوام اپنے گھروں تک محدود رہیں۔ انہوں نے صوبے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور گھروں سے باہر جاکر اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔ سردار رند نے کہا کہ صوبے میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے صوبے میں بڑے شاپنگ مال،مارکیٹیں، تعلیمی اداروں سمیت صوبائی دفاتر کو بند کیا ہے تاکہ اسکے پھیلاو کو مزید بڑھنے سے روکا جاسکے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں بحران آتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام سماجی دوری کے حکمت عملی پر پابندی سے عمل کریں۔ عوام بلا ضرورت باہر نہ جائیں۔ باہر جانے کی صورت میں عالمی ادارہ صحت کے وضع کردہ طریقوں پر عمل پیرا ہوکر ہی اس وائرس کا تدارک ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بار بار اپنے ہاتھوں کو دھوئیں۔ باہر جاتے ہوئے ماسک اور دستانے استعمال کریں۔ اے ٹی ایم یا بازار سے خریداری کے بعد اپنے ہاتھ دھوئیں۔ کرونا سے نجات صرف اسی صورت ممکن ہے جب عوام صوبائی حکومت اور عالمی ادارہ صحت کے وضع کردہ تدارک کے طریقوں پر عمل کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبے کے باشعور عوام حکومت کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں پر عمل کریں گے۔ سردار رند نے مزید کہا کہ عوام صوبائی حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اپنے پیاروں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔ سماجی دوری اختیار کرتے ہوئے ہی اس موذی وائرس سے نجات ممکن ہے۔ ہم بحیثیت قوم اس بحران سے نکلنے کی پوری طاقت رکھتے ہیں بشرطیہ کے ہم سماجی دوری اور گھروں پر رہنے کی حکمت عملی اپنائے رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں