جرمن پولیس کے چھاپے، انسانی باقیات اور ہتھیار برآمد

جرمن حکام نے ریاست برانڈن برگ میں ایک کارروائی کرتے ہوئے مختلف ہتھیار برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے اس دوران نازی پراپیگنڈا مواد بھی قبضے میں لیا ہے۔مشرقی جرمن ریاست برانڈن برگ میں کی جانے والی پولیس کی کارروائی کے دوران اسلحہ بارود کے ساتھ ساتھ انسانی ہڈیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ نازی پراپگینڈے کا سامان، درجن بھر بندوقیں اور دوسری عالمی جنگ میں استعمال ہونے والی رائفل بازوکا بھی پولیس نے قبضے میں لی ہیں۔اس چھاپے کا بنیادی مقصد اسلحے کی غیر قانونی تجارت میں ملوث بین الاقوامی گروہوں کے خلاف کارروائی تھی۔ ان چھاپوں کے دوران نازی سامان کی برآمدگی کو بھی ایک اہم کارروائی خیال کیا گیا ہے۔ جرمن داخلہ حکام اور پولیس نے اس کارروائی کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔برانڈن برگ میں مارے گئے چھاپوں میں مجموعی طور پر تیس سے زائد مختلف نوعیت کے ہتھیار پولیس کے ہاتھ لگے۔ رائفلوں، بندوقوں کے علاوہ دستی بموں کو بھی قبضے میں لیا گیا۔ حکام کی جانب سے گرفتاریوں کی تفصیلات عام نہیں کی گئی ہیں۔یہ چھاپے جرمن داخلی سلامتی کے حکام کو آسٹریا کے انسداد دہشت گردی کے ادارے کی جانب سے خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد مارے گئے۔ اس اطلاع میں یہ بھی شامل تھا کہ برانڈن برگ کے ایک شخص کو دو روسی سب مشین گنز غیر قانونی انداز میں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں