حکومت کو پانچ سال دئیے گئے تو عوام نہیں بچے گی، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خوشحالی اور تبدیلی تشہیری پروگراموں سے نہیں دیانتدار حکمرانوں سے آتی ہے۔ اس حکومت کو پانچ سال پورے کرنے کا موقع دیا گیا تو حکومت ہی رہ جائے گی عوام نہیں ہونگے۔پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والوں نے پناہ گاہیں اور لنگر خانے کھول کر دنیا بھر میں ایٹمی پاکستان کے وقار کو دھبہ لگایا ہے۔گیس اور پاور کمپنیاں عوام کا خون چوس رہی ہیں اور حکمران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔خوشخبریاں دینے والے عالمی مالیاتی اداروں نے ہمیشہ کرپٹ حکمرانوں کو سہارا اور پاکستانی عوام کو دھوکا دیا۔حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔جماعت اسلامی عوام کو بے حس حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔مشکل گھڑی میں ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ پیاروں کو نوازنے کا پروگرام بند کرکے آٹے چینی کے بحرانوں اور مہنگائی و بے روزگاری کے خاتمہ کی طرف توجہ دو۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک حکومت کی ڈوبتی کشتی میں آخری سوراخ ثابت ہوگی۔ مہنگائی کے خلاف کراچی سے چترال تک ملک بھر میں جلسے جلوس اور مظاہرے کریں گے،پہلا جلسہ 23فروری کو منگورہ میں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔