فائرنگ سے وکیل کے زخمی ہونے کیخلاف وکلاء کا بائیکاٹ کا اعلان
کوئٹہ :بلوچستان کی وکلا تنظیموں نے سینئر وکیل برکت علی خاصخیلی کے چیمبر پر حملہ اور اس میں موکل کے جاں بحق و وکیل کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے آج بلوچستان ہائی کورٹ و ماتحت عدالتوں میں بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز بلوچستان کے وکلاء تنظیموں بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، کوئٹہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے مشترکہ بیان میں ڈیرہ مراد جمالی نصیر آباد کے سینئر وکیل برکت علی خاصخیلی کے چیمبر میں مسلح افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہر ڈیرہ مراد جمالی میں عدالت کے قریب وکلا چیمبر میں برکت علی خاصخیلی اپنے چیمبر میں موکل کے ساتھ موجود تھے کہ مسلح افراد نے حملہ کیا جس سے موکل گولی لگنے سے ہلاک ہوا اور وکیل گولی لگنے سے زخمی ہوا بیان میں کہا کہ وکلا کے چیمبر میں حملے کا یہ واقعہ پہلا نہیں بلکہ اس سے پہلے بھی اس قسم کے واقعات رونما ہوئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انتظامیہ وکلا کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے بیان میں کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر وکلا کے چیمبرز میں سیکورٹی کا انتظام کرے اور وکلا کے تحفظ کو یقینی بنائے بلوچستان بار کونسل اور بار باڈیز کے جاری اعلامیے کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں برکت علی خاصخیلی کے چیمبر میں حملہ اور انہیں زخمی کرنے کے خلاف آج 8 دسمبر بروز منگل کو بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔


