جنوبی افریقہ کا 14سال بعد دورہ پاکستان کا اعلان

جنوبی افریقہ نے 14 سال بعد دورہ پاکستان اعلان کردیا ہے جس میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں ی سیریز کھیلی جائے گی جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہو گی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4-8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔
اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
یہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کا 2007 کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہو گا جہاں پروٹیز نے کراچی ٹیسٹ میچ میں 160 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔
اس کے بعد پاکستان نے 2010 اور 2013 میں دو مرتبہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔
یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی جہاں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی دونوں سیریز جنوبی افریقہ کی ٹیم جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔