بلوچستان میں کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں،عمران خان کی زیر صدار ت اجلاس میں جام کمال کی ویڈیولنک شرکت

کوئٹہ:وزیراعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی دوسری لہر اور اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلی نے اجلاس کو صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال ور ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق بتایا کہ حکومت ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہے ہمیں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔ صوبے میں مثبت کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے تاہم کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں حکومت اس وبا سے نمٹنے کیلئے پوری کوشش کررہی ہے عوام کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے متعلق بھرپور انداز میں باخبر کیا جارہا ہے۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے اختتام کے بعد وزیراعلی بلوچستان کو محکمہ صحت کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی سی آر کٹس سمیت وینٹی لیٹر اور دیگر جدید آلات کی دستیابی اور انتہائی پروفیشنل ٹیم دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہے ہسپتال میں جدید ٹیسٹنگ کی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایاگیا ہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سول سیکرٹریٹ میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے سدباب سے متعلق موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔اجلاس کو پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خطرات اور اس سے نمٹنے کیلئے گائیڈ لائنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر ربابہ بلیدی، چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ،سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی ارشد مجید، اسپیشل سیکرٹری صحت، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور طبی ماہرین نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں