سعودی بندرگاہ پر آئل ٹینکر پر حملےکے بعد آگ لگ گئی

جہاز پر موجود عملے کے 22 افراد دھماکے اور آگ سے محفوظ رہے اور آگ کو بجھا دیا گیا،
سعودی شہر جدہ کی بندرگاہ پر سنگاپورکے آئل ٹینکر پر دھماکے کےبعد آگ لگ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جہاز پر موجود عملے کے 22 افراد دھماکے اور آگ سے محفوظ رہے اور بحری فائر بریگیڈ کی مدد سے آئل ٹینکر پر لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا۔
دوسری جانب سنگاپور کی شپنگ کمپنی کا دعویٰ ہےکہ آئل ٹینکر پر بیرونی حملہ کیا گیا جس کے باعث ٹینکر پر آگ لگی اور دھماکا ہوا۔
کمپنی کاکہنا ہےکہ یہ ممکن ہے کہ حملےکا نشانہ بننے والی جگہ سےکچھ تیل نکلا ہو، تاہم فی الحال آئل ٹینکر سے تیل کا اخراج نہیں ہورہا، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آئل ٹینکر 84 فیصد بھرا ہوا ہے اور اس میں 60 ہزار ٹن پیٹرول ہے۔
سعودی حکام کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی دھماکے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ کسی گروپ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
اس سے قبل 25 نومبر کو یمن جنگ میں شریک سعودی عسکری اتحاد نے بحیرہ احمر میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے بارود سے بھری حملہ آور کشتی کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
سعودی عسکری اتحاد کے مطابق بروقت کارروائی کرکے حوثی ملیشیا کی بھیجی گئی کشتی کو تباہ کردیا گیا جب کہ کشتی پر موجود بارودی مواد پھٹنے سے قریب سےگزرنے والے ایک یونانی تجارتی بحری جہاز کو نقصان پہنچا، واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں