لبنان، بیروت میں ٹینک تعینات، ایرانی ائیرلائن نے فلائٹس روک دیں

بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک)دارالحکومت بیروت میں ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر لبنانی فوج نے شہر میں ٹینک تعینات کردیے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج کی بکتر بند گاڑیاں بیروت کے برج الغزال پل کے قریب تعینات کردی گئیں۔ یہ اقدام ممکنہ جھڑپوں کے خدشے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔خیال رہے کہ یہ پیشرفت حزب اللّٰہ کی جانب سے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی اسرائیلی حملوں میں شہادت کے بعد سامنے آئی۔ بتایا جارہا ہے کہ برج الغزال مسلم اکثریتی علاقے خندق الغمیق اور عیسائی اکثریتی علاقے اشرفیہ کو تقسیم کرتا ہے۔ اس سے قبل بھی دونوں علاقوں کے رہائشیوں کے درمیان احتجاجی مظاہرے اور جھڑپیں ہوچکی ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے بعد لبنان کے خلاف بھی جارحیت کا آغاز کردیا اور اب تک ہوئے اس کے وحشیانہ حملوں میں 700 سے زائد افراد مارے گئے۔اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے میں حملے کے دوران حزب اللّٰہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا دعویٰ کیا۔بعدازاں اسکی تصدیق مداحمتی تنظیم کی جانب سے بھی کی گئی جبکہ ساتھ ساتھ اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کیا۔دوسری جانب لبنان میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹرز پر حملے اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں شدت کے ساتھ ایران ایئر نے بیروت کے لیے پروازیں بند کر دیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارہ نے بتایا کہ ایرانی پرچم بردار کمپنی ایران ایئر نے لبنان کے دارالحکومت کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔تہران سے بین الاقوامی خبر رساں ادارہ کے نمائندہ نے بتایا کہ ایران ائیر کی جانب سے بیروت کے لئے پروازیں بند کرنے کا اعلان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کے جنوبی بیروت میں حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں پر فضائی حملے کی خبریں آئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں