پٹرولیم بحران،انکوائری رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے پٹرولیم بحران بارے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پٹرولیم بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کر دی گئی۔وفاقی کابینہ میں انکوائری کمیٹی کی سفارشات پر طویل بحث ہوئی جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انکوائری رپورٹ کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی،شفقت محمود، شیریں مزاری، اسد عمر کمیٹی میں شامل ہونگے،انکوائری رپورٹ پر کیا ایکشن لیا جائے 3 رکنی کمیٹی سفارشات تیار کرے گی۔ذرائع کے مطابق بعض وفاقی وزراء نے انکوائری رپورٹ پر شدید رد عمل، سخت ایکشن کا مطالبہ کیا۔ کابینہ میں سوالات کئے گئے کہ بحران آیا تو متعلقہ وزارتیں کہاں تھیں؟ان کی کیا ذمہ داری تھی؟ فیصل واوڈا نے سوال کیاکہ تیل سستا ہوا تو ایکسپورٹ پر رکا کیوں رہا؟ جو کمپنیاں ملوث تھیں ان کے لائیسنس منسوخ کیوں نہیں کئے گئے؟علی زیدی نے بھی ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم کی تعیناتی کی منظوری دی گئی،اٹارنی جنرل کی قانونی معاملات پر کابینہ کوبریفنگ دی گئی،وزارت خزانہ وفاق کی جانب سے صوبوں کو رقوم کی فراہمی اور وسائل پر بریفنگ دی گئی،احساس کفالت پر سروے اور کورونا ریلیف فنڈ پر بریفنگ دی گئی،ایف نائن پارک میں موجود میٹرو پولیٹن کلب کی عمارت کے استعمال پر قائم کمیٹی رپورٹ موخر کردی گئی،وزارت آئی ٹی کے زیلی ادارے آئیگنائیٹ کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دی گئی،سوئی ناردرن اور سدرن گیس کمپنیوں کے مستقل ایم ڈیز کی تعیناتیوں کی منظوری دی گئی، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سی ای اوز کی تعیناتی کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران تقرریوں کی منظوری دی گئی،ایمپلائز اولڈ ایج بینفیٹس انسٹی ٹیوشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی،بیرون ملک پاکستان مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں