بریگزٹ، برطانوی پالتو جانور بھی متاثر، پاسپورٹ سے محروم
لندن :بریگزٹ کے نفاذ کے بعد اس کا اثر برطانوی شہریوں کے ساتھ ان کے پالتو جانوروں پر بھی پڑے گا۔ اب یورپی ملکوں کے سفر سے پہلے ان جانوروں کے لیے خصوصی دستاویزات حاصل کرنا ہوں گی۔
یورپی یونین سے الگ ہونے کی عبوری مدت 31 دسمبر کو ختم ہونے کے ساتھ ہی برطانوی پالتو جانور بشمول کتے، بلیاں حتٰی کہ شکاری بلّے بھی یورپی یونین کے اپنے موجودہ پاسپورٹ سے محروم ہوجائیں گے اور ان کے مالکان کو یورپی ممالک کے سفر کے دوران ان جانوروں کے لیے خصوصی دستاویزات حاصل کرنا پڑیں گی۔

برطانیہ کی چیف ویٹرنری افسر کرسٹین مڈل مس نے بتایا کہ گوکہ 31 دسمبر کے بعد بھی پالتو جانوروں کو اپنے مالکان کے ساتھ یورپی یونین کے ممالک میں سفر کرنے کی اجازت ہوگی لیکن انہیں اس کے لیے خصوصی ‘اینیمل ہیلتھ سرٹیفیکیٹ‘ (اے ایچ سی) اپنے ساتھ رکھنا ہوگا۔
یہ ہیلتھ سرٹیفیکٹ سفر شروع کرنے سے دس دن سے زیادہ پہلے کا نہیں ہونا چاہیے اور یہ چار ماہ تک کے لیے قابل استعمال ہوگا۔ یہ سرٹیفیکیٹ جانوروں کے صرف تسلیم شدہ ڈاکٹر ہی جانوروں کے معائنے کے بعد جاری کرسکیں گے۔


