ارمیلا اپنے مسلم شوہر پر مسلسل تنقید پر پھٹ پڑیں
بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر اپنے مسلمان شوہر محسن اختر پر ہونے والی مسلسل تنقید پر پھٹ پڑیں۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دور میں بھارت میں انتہاپسندی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور اب اعلیٰ شخصیات بھی اس سے محفوظ نہیں ہیں۔
فلم اسٹار ارمیلا نے اس حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی ہے اور کہا ہے کہ ان کے شوہر محسن اختر اور ان کی فیملی کو مسلسل سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ارمیلا نے کہا کہ ہر چیز کی حد ہوتی ہے، بدقسمتی کی بات ہے کہ میرے شوہر اور ان کے گھر والوں پر تنقید کا نا ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے یہاں تک کہ انتہا پسندوں نے میرے وکی پیڈیا پیج کو بھی اپنی مرضی سے تبدیل کردیا ہے۔
ارمیلا نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے ان کے وکی پیڈیا پیج پر جاکر ان کی والدہ کا نام رخسانہ احمد اور والد کا نام شیوندر سنگھ لکھ دیا ہے حالانکہ وہ ان دونوں کو نہیں جانتیں، ان کے والد کا نام شری کانتھ ماٹونڈکر اور والدہ کا نام سنیتا ماٹونڈکر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے شوہر کشمیری مسلم ہیں، ہم دونوں اپنے مذہب پر مکمل آزادی سے عمل کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نام نہاد مذہب کے ٹھیکیدار لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ ارمیلا اور محسن پہلی بار ڈیزائنر منیش ملہوترا کی بھانجی کی شادی میں ملے تھے اور 2016 میں دونوں نے ایک سادہ سی تقریب میں شادی کرلی تھی۔