پی ڈی ایم کو خود معلوم نہیں کہ مستقبل میں کیا کرنا ہے، مبین خان خلجی
کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری برائے اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی(کیو ڈی اے)محمد مبین خان خلجی نے کہا کہ پی ڈی ایم کو خود معلوم نہیں کہ انہوں نے مستقبل میں کرنا کیا ہے، اگر حکومت یہ کہتی ہے کہ آپ استعفے دیں گے ہم ضمنی انتخابات کر ادیں گے توآ پ کہتے ہیں ہم جلا گھیرا کریں گے،کیا ایسے ملک چلتے ہیں۔پی ڈی ایم کی تحریک کی کوئی سمت نہیں اور ان کااصل ہدف صرف سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کی اکثریت کو روکنے کیلئے ملک میں عدم استحکام پیدا کرناہے۔انہوں نے کہا کہ جو جلسے کامیاب ہوتے ہیں ان پر بحث شروع نہیں ہوتی جبکہ پی ڈی ایم کی گیار ہ جماعتوں کے مینار پاکستان جلسے پر ان کے اندر ہی بحث اور ناکامی کی وجوہات تلاش کرنے کی باتیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج فوج سیاست میں نہیں ہے اور اپنے اپنے مقام پر فرائض سر انجام دے رہی ہے اس کے باوجوداداروں کے سربراہوں کا نام لے کر ان کیخلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ آپ یہ کہتے ہیں ہم فوج کی سیاست میں مداخلت کو برداشت نہیں کرتے،وزیر اعظم عمران ن خان سے بات نہیں کریں گے تو پھر آپ کی کس سے بات ہو گی، کیا آپ کے قول و فعل میں تضادنہیں ہے؟۔پارلیمانی سیکرٹری مبین خان خلجی نے گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے عام شہریوں اور فوجی اہلکاروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کا اصل چہرہ دنیا کودکھا دیا ہے، پاکستان کی امن کی پالیسی کو بھارت کمزور ی نہ سمجھے، ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا جا ئے گا، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں میں بھارت ملوث ہے،عالمی برادری کو نوٹس لینا ہوگا، بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل منفی پروپیگنڈا کررہا ہے جسے ہرمحاذ پر ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا،بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے کسی کام نہیں آئیں گے، عالمی برادری کی مسلسل خاموشی لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے کہاکہ قوم شہدا اے پی ایس کے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، 16 دسمبر کا دن معصوم شہدا کا دن ہے، سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس دردناک اور نا بھولنے والے سانحات ہیں، شہدا کی یاد میں آج بھی ہر آنکھ اشکبار ہے، شہدا کے خاندانوں کا صبر مثالی ہے، انہوں نے کہاکہ بزدل دشمن نے معصوم بچوں کا قتل عام کیا، پاکستانی قوم کے حوصلے کوئی بھی پست نہیں کرسکتا، ملک دشمن قوتوں کو ہر محاذ پر ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، پاکستانی قوم متحدہے اور اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


