بریگزٹ: برطانیہ اور یورپی یونین نئے تجارتی معاہدے پر متفق,عوامی وعدہ پورا ہوا:بورس جانسن
لندن :برطانیہ اور یورپی یونین تاریخی بریگزٹ معاہدے پر متفق ہو گئے ،فریقین نے نئے تجارتی معاہدے کی تصدیق کردی،توثیق کیلئے برطانوی پارلیمنٹ کا اجلاس آئندہ بدھ (30دسمبر )کوہوگا ۔ معاہدے کے تحت انگلینڈ نے اپنی سرحد، کرنسی، قوانین ، تجارت اور پانی کا کنٹرول واپس لے لیا، یکم جنوری 2021ء سے برطانیہ سیاسی اور معاشی طور پر مکمل خود مختار ہوگا۔برطانوی حکومت کے اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین کے ساتھ بغیر کسی محصولات کے فری ٹریڈ معاہدہ کیا گیا، بریگزٹ تاریخی تجارتی ڈیل ہے جسکا حجم 668 ارب پاؤنڈ ہے ،اعلامیہ کے مطابق برطانیہ یورپی یونین کے قوانین، یورپی عدالت انصاف کے تابع نہیں ہوگا، یکم جنوری 2021 سے برطانیہ سیاسی اور معاشی طور پر مکمل خود مختار ہوگا، نئے امیگریشن سسٹم کے تحت برطانیہ میں بغیر کسی رکاوٹ کے آمد و رفت ختم ہوجائے گی۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 2016کے بریگزٹ ریفرنڈم میں عوام سے کیاجانیوالاوعدہ پورا ہوا،انہوں نے کہا برطانیہ کی ماہی گیری کا کوٹا آدھے سے بڑھ کر دو تہا ئی ہوگیا ہے ،برطانیہ اب یورپی یونین کی سب سے بڑی مارکیٹ ہوگا۔برطانوی وزیراعظم نے کہاہم نے قوانین اور اپنا مقدر واپس لے لیا ہے ۔ 668 ارب یوروسالانہ کے معاہدے سے ملک بھر میں روزگار کو تحفظ ملے گا۔انہوں نے کہا برطانیہ ایراسمس سٹوڈنٹس ایکسچینج پیکیج کا حصہ نہیں رہے گا،برطانوی حکومت اس مہنگے پیکیج کے متبادل کے طور پر ٹریننگ سکیم کے نام سے سہولت فراہم کرے گی۔برسلز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یورپین کمیشن کی صدر عرسولا ون ڈیر لیئن نے کہا یہ طویل راستہ تھا لیکن ہم نے ایک اچھا معاہدہ کیا،انہوں نے کہا اب صفحہ پلٹ کر مستقبل کی طرف دیکھنے کا وقت آگیا تھا اور برطانیہ بدستور ایک آزمودہ شراکت دار ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق معاہدہ 31 دسمبر کی ڈیڈلائن سے ایک ہفتہ قبل طے پاگیا، معاہدے کے جزیات ابھی جاری نہیں کی گئیں۔


