محمد علی درانی کی پیشگو ئیاں پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے،آصف کرمانی

اسلام آبا د:مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سینیٹر آصف کرمانی نے محمد علی درانی کی پیشگوئیوں کو یکطرفہ اورپی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ مسلم لیگ (ف) کے رہنماء محمد علی درانی سے متعلق جو تذکرہ کیا جارہا ہے، اس میں درانی کی اپنی پیشگوئیاں اور بیانات شامل ہیں، جبکہ شہبازشریف کا براہ راست یا ان کے ترجمان کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔شہبازشریف سمیت تمام رہنماء پارٹی پالیسی کے پابند ہیں۔اسی طرح پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے گی مسلم لیگ ن اس پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی درانی اپنے بیانات دے رہے ہیں، ان کی جماعت جی ڈے اے کا حصہ اور جی ڈے اے حکومت کی اتحادی ہے۔جبکہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازتو جیل میں قیدی ہیں، ایک قیدی کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوتے ہیں، ایک قیدی کیا کرسکتا ہے؟ یہ سب کچھ پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں